چھا رہی کالی گھٹا جیا مورا لہرائے ہے
By ayshaakbar •
چھا رہی کالی گھٹا جیا مورا لہرائے ہے
سن ری کوئل بانوری تو کیوں ملہار گائے ہے
اے پپیہا آ ادھر، میں بھی سراپا درد ہوں
آم پر کیوں جم رہا ہے، میں بھی تو ایسا زرد ہوں
فرق اتنا ہے کہ اس میں رس ہے مجھ میں ہائے ہے
سارے آزاروں سے بڑھ کر عشق کا آزار ہے
آفتوں میں جان و دل کا ڈالنا بیکار ہے
بے وفا سے دل لگا کر، کیا کوئی پھل پائے ہے
اے پپیہا چپ خدا کے واسطے تو ہو زرا
رات آدھی ہو چکی ہے اب تجھے کیا ہو گیا
تیری پی پی سے پپیہا پی مجھے یاد آئے ہے
مدتوں ڈھونڈا پیا کو، میں نے کر جوگن کا بھیس
نہ تو میں نے ان کو پایا اور نہ پایا ان کا دیس
لوگ کہتے ہیں کہ ڈھونڈے سے خدا مل جائے ہے
قلندر بخش جرات
0 comments