شفیق الرحمن کی کتاب دریچے سے استفسارات و جوابات

سوال: میں کافی عرصے سے اردو شاعری پر ریسرچ کر رہا ہوں- بڑی عرق ریزی کے بعد میرا مقالہ مکمل ہونے والا ہے- فقط ایک معمولی سی بات آپ سے پوچھنا چاہتا ہوں- وہ یہ کہ مجھے کچھ شبہ سا ہو گیا ہے کہ میر حسن، میر تقی اور امیر مینآیی رشتہ دار تھے-
جواب: کس کے؟
سوال: میں لٹریچر کی طالبہ ہوں- تقریبا انیس سال عمر ہے- اور مجھے تھامس ہارڈی، تر جنیف اور کپلنگ کی مسحور کن اور دلکش تحریروں سے اس قدر الفت ہے کہ بیان نہیں کر سکتی- کیا آپ بتا سکتے ہیں کہ کہیں یہ حضرات شادی شدہ تو نہیں؟
جواب: یہ حضرات شادی شدہ ہی نہیں بلکہ ان کا انتقال بھی ہو چکا ہے-
سوال: مرے خیال میں مغربی لباس کا سب سے تکلیف دہ جزو ٹائی ہے- یہ قطعا فضول معلوم ہوتی ہے- کیا آپ ٹائی کا ایک بھی فائدہ گنوا سکتے ہیں؟
جواب: ٹائی کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ اسے اتارتے وقت بڑی فرحت محسوس ہوتی ہے-
سوال: داغ کا وہ مشہور شعر ملاحظه ہو:
کونین جس کے ناز سے چکرا رہے ہیں داغ
میں ہوں نیاز مند اسی بے نیاز کا
اس سے ثابت ہوا کہ ملیریا کے لیے کنین داغ صاحب کےزمانے میں بھی استعمال ہوتی تھی اور تب بھی اس سے چکر آیا کرتے تھے- کتنی دلچسپ بات ہے؟
جواب: بہت!
سوال: مجھے جس لڑکی سے محبت ہے وہ حسین ہونے کے علاوہ انٹلکچویل بھی ہے- میں سائنس دان ہوں، اس لیے علم و ادب میں دلچسپ رکھنے کی قطعا فرصت نہیں- ابھی تک پیغام نہیں بھجوایا کیوں کہ میرے خیال میں وہ ولی دکنی، ہربرٹ سپنسر، ابو نواس اور بھرتری ہری کی جنابمائل ہے- جب کبھی اس سے ملتا ہوں یہی نام سننے میں آتے ہیں- کچھ سمجھ میں نہیں آتا کہ کیا کروں- آپ کے مشورے کا منتظر ہوں-
جواب: ہمارے خیال میں آپ کو فورا پیغام بھیجنا چاہیے- اتنے حضرات کی موجودگی میں ذرا سی دیر بھی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے-
سوال: ان اشعار کا کیا مطلب ہے؟
لیا جس نے مجھ سے عداوت کا پنجہ
سنلقی علیھم عذابا ثقییلا
نکل اسکی زلفوں کے کوچے سے اے دل
تو پڑھنا قم اللیل الا قلیلا
جواب: ان کا مطلب یہ ہے کہ شاعر کو عربی بھی آتی ہے-
سوال: میرا دوست ان دنوں بے شمار مصیبتوں میں گرفتار ہے- پریشانیوں سے اس کی صحت گرتی جارہی ہے- اس کا جی بالکل نہیں لگتا- ہر وقت مغموم رہتا ہے- تاش میں لگا تار ہار رہا ہے- ہر ہفتے گھڑ دوڑ میںناکامیوں سے واسطہ پڑتا ہے- سنا ہے کہ وظیفے سے سب مشکلیں حل ہو جاتی ہیں-
جواب: دوست غریب کو بیچ میں مت لیے- سیدھی طرح اپنے ذاتی حالات لکھیے