Pakistani Hero in Jeddah's Flood
سعودی عوام نے جدہ میں سیلابی بارشوں کے دوران جان پر کھیل کر 14 افراد کی زندگی بچانے والے پاکستانی شہری فرمان علی خان کو اعزاز دینے کا مطالبہ کیا ہے
وادی سوات سے تعلق رکھنے والے 32 سالہ فرمان علی خان نے دو ہفتہ قبل جدہ میں طوفانی بارشوں کی تباہی کے بعد امدادی کارروائیوں کے دوران پانی میں پھنسے ہوئے لوگوں میں سے 14 افراد کو تن تنہا نکالا تھا تاہم اس کے بعد وہ خود ایک مقام پر پانی میں ڈوب گیا ۔ فرمان کی میت کو پاکستان لانے کے لئے جدہ پہنچنے والے اس کے بھائی رحمٰن خان نےایک عربی اخبار سے گفتگو میں کہا کہ انہیں اپنے شہید بھائی کی بہادری پر فخر ہے جس نے پاکستان اور اس کے عوام کا سر بلند کردیا ۔ جدہ میں ایک اسٹور پر کام کرنے والافرمان علی خان 6 سال قبل روزگار کے سلسلے میں سعودی عرب پہنچا تھا ۔ وہ شادی شدہ تھا اور اس کی تین بیٹیاں 7 سالہ زبیدہ ، 6 سالہ مدیحہ اور 4 سالہ جریرہ ہیں ۔
دوسری جانب سعودی عرب کے مقامی اخبارات میں فرمان علی خان
کے اس کارنامے کو نمایاں کرکے پیش کیا جارہا ہے ۔ سعودی عوام نے اپنی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جواں مردی کی تاریخ رقم کرنے والے اس پاکستانی ہیرو کو اعزازواکرام سے نوازا جائے۔ فیس بک ویب سائٹ پر شروع کی گئی خصوصی مہم میں فرمان علی خان کے نام سے جدہ شہر کی ایک سڑک منسوب کرنے اور متاثرہ خاندان کی مالی معاونت کی تجاویز پیش کی گئیں ہیں ۔۔۔
*** نوٹ : تقریبا دو ہفتے گزرجانے کے باوجود پاکستانی میڈیا میں اس واقعے کی کوئی کوریج نظر نہیں آئی ؟؟؟